حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی اور سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی ان دنوں کوئٹہ کے دورے پر ہیں، اس دوران انہوں نے ایم ڈبلیو ایم کوئٹہ کی شوری بزرگان سے نشست، آئندہ انتخابات اور سیاسی امور کے حوالے سے مشاورت کی ہے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سید اسد عباس نقوی نے کہا کہ کسی بھی قوم کے حقوق تبھی محفوظ رہ سکتے ہیں جب اس کے پاس سیاسی قوت ہو پاکستان میں بسنے والے سات کروڑ شیعہ مسلمانوں کو اپنے حقوق کے حصول کے لئے سیاسی طور پر اپنے آپ کو مستحکم کرنا ہوگا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ ملت جعفریہ پاکستان کو جن مشکلات کا سامنا ہے اس سے نکلنے کے لئے اقتدار کے ایوانوں میں باکردار شیعہ نمائندوں کی موجودگی ضروری ہے جو شیعہ نسل کشی سے لے کر نصاب تعلیم تک ملت جعفریہ کے حقوق کے محافظ ہوں۔
واضح رہے کہ شوری بزرگان کے اجلاس میں آغا قربان علی توسلی، حاجی طاہر نظری، آغا غلام رسول و دیگر بزرگ شریک ہوئے۔